ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : سورتکل گیٹ کے بعد اب شروع ہوا کاروار ٹول گیٹ بند کرنے کا مطالبہ 

کاروار : سورتکل گیٹ کے بعد اب شروع ہوا کاروار ٹول گیٹ بند کرنے کا مطالبہ 

Fri, 02 Dec 2022 20:30:48    S.O. News Service

کاروار،2 ؍دسمبر(ایس او نیوز) غیر قانونی طور پر چل رہے سورتکل ٹول گیٹ کو مسلسل عوامی احتجاج کے بعد بند کروانے کے پس منظر میں اب کاروار کے پاس ہٹّی کیری میں چل رہے ٹول گیٹ کو بند کرنے کا مطالبہ شروع ہوگیا ہے۔
    
ہٹی کیری ٹول گیٹ کی مخالفت کرنے والے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق %70 سڑک تعمیر ہونے اور ٹریفک کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کے بعد ہی ٹول وصول کیا جانا چاہیے ۔ لیکن کاروار اور انکولہ کے بیچ نیشنل ہائی وے کی توسیع کا تعمیری کام ابھی پچاس فیصد بھی مکمل نہیں ہوا ہے ۔ اس کے باوجود یہاں ٹول پلازہ قائم کرکے عوام سے ٹول وصول کیا جا رہا ہے ۔ اس لئے سرکاری افسران اور ضلع انتظامیہ کو فوراً اس کا جائزہ لیتے ہوئے ٹول وصولی بند کروانی چاہیے۔
    
جانکاروں کا کہنا ہے کہ کنداپور سے گوا تک 2,639 کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل ہائی وے فور لین توسیع کا کام ہونا ہے جو کہ اب تک %60  بھی نہیں ہوا ہے ۔ اس کی وجہ سے موٹر گاڑیوں اور مسافروں کے لئے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اور ایسی حالت میں ٹول وصولی عوام کے لئے ایک بوجھ بن گئی ہے ۔ اس بنیاد پر مقامی عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ جس طرح سورتکل گیٹ پر ٹول وصولی بند کی گئی ہے ، اسی طرح ہٹّی کیری میں بھی ٹول وصول کرنے پر فوری پابندی لگا دینی چاہیے۔ 
    
اس تعلق سے  ضلع ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جلد ہی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میٹنگ طلب کرکے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ 


Share: